لاہور (خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جیسے سینئر سیاستدان، جو خود دہشت گردی کا نشانہ رہے ہیں، ان سے دہشتگردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو نااہلی، نالائقی اور بدعنوانی کے ذریعے تباہ کرنے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا وہ 13 سال میں کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے؟ مریم نواز کے مطابق ان لوگوں نے دہشت گردوں کو پناہ دی، انہیں پروان چڑھایا اور پاکستان پر حملوں کے لیے وسائل، پناہ گاہیں اور صوبے کی زمین فراہم کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان لوگوں نے خیبر پختونخوا میں نااہلی کے انبار لگا دیے، عوام کی زندگیاں تباہ کیں اور انہیں دہشت گردی کی نذر کردیا۔ صوبے کے قیمتی وسائل دھرنوں اور احتجاجوں پر خرچ کیے گئے، جبکہ 13 قیمتی سال بدعنوانی اور نااہلی کی نذر ہوگئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس سپہ سالار نے معرکۂ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، ان کے بارے میں مولانا فضل الرحمان کے الفاظ نے ہر محب وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسر اور جوان آج بھی دہشت گردی کے خاتمے کیلئےجانیں قربان کر رہے ہیں۔ ہر روز کوئی ماں اپنے لخت جگر، کوئی بہن اپنے بھائی اور کوئی بیوی اپنے شوہر سے محروم ہوجاتی ہے، جو سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر گھر پہنچتا ہے۔ ایسے شہدا کو سلام پیش کرنے اور فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کے بجائے دہشتگردی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا ساتھ دینا مولانا فضل الرحمان کے شایان شان نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے خود دہشت گردی کے زخم سہے اور ان کے ساتھیوں نے شہادتیں دیں، جبکہ آج وہ جن لوگوں کی حمایت کر رہے ہیں، ماضی میں وہی ان کیخلاف انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرتے اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کا دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا ان کی سمجھ سے باہر ہے۔ خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کے خاتمے کی ذمہ دار تحریک انصاف خود ہے۔

