سیالکوٹ بھگدڑ کیس، مسٹر پتلو وہیل چیئر پر عدالت پہنچ گئے، 10 نومبر تک عبوری ضمانت منظور

ڈسکہ (نامہ نگار) سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے 2 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں ٹک ٹاکر محمد انصر محمود عرف مسٹر پتلو کی 10 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج ڈسکہ محمد عرفان نسیم تارڑ نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ اس موقع پر مسٹر پتلو وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے انہیں 10 نومبر تک عبوری ضمانت دے دی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ بھی مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت 10 نومبر تک منظور کرچکی ہے، جس کے بعد انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی مہلت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز کرکٹ گراؤنڈ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی۔ واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مسٹر پتلو سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا تھا۔

مسٹر پتلو نے اپنے مؤقف میں کہا تھا کہ بھگدڑ کے وقت وہ گراؤنڈ میں موجود نہیں تھے بلکہ کمر کی تکلیف کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ انہوں نے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔