طائف (سعودی شہری دفاع، سعودی پریس ایجنسی، ایسوسی ایٹڈ پریس) سعودی عرب کے طائف ڈویژن میں حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ڈرون فضائی دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیا، تاہم ڈرون کا ملبہ گرنے سے یمنی شہری جاں بحق، سعودی خاتون اور پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔
سعودی شہری دفاع کے مطابق طائف میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا، جس کے بعد اس کے ملبے کے گرنے سے یمنی شہریت رکھنے والا ایک مقیم جاں بحق ہوگیا۔
شہری دفاع کے مطابق واقعے میں سعودی خاتون اور پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے، پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ڈرون کے ملبے سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی مادی نقصان پہنچا، جبکہ شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ہنگامی کارروائیاں مکمل کیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ڈرون حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا تھا اور اسے ہدف تک پہنچنے سے قبل روک کر تباہ کردیا گیا تھا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ سعودی عرب میں حالیہ حوثی ڈرون حملوں میں پہلا رپورٹ شدہ شہری جانی نقصان ہے۔

