ٹورنٹو :ماریا وتسیناس کاوارڈ 14 سے سٹی کونسلر کا انتخاب لڑنے کا اعلان

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) ٹورنٹو کے وارڈ 14، ڈین فورتھ سے ماریا وتسیناس نے سٹی کونسلر کی نشست کیلئے انتخاب لڑنے کا اعلان کردیاہے۔ وہ 2026ء کے بلدیاتی انتخابات کیلئےتصدیق شدہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

ماریا سارس-وتسیناس صحافی اور کمیونٹی کارکن ہیں اور دو دہائیوں سے زائد عرصے سے نیشنل ایتھنک پریس اینڈ میڈیا کونسل آف کینیڈا کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

اپنے انتخابی اعلان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا طویل عرصہ ٹورانٹو ڈین فورتھ میں گزارا ہے اور علاقے کی مختلف ثقافتوں اور چھوٹے کاروباروں سے وابستہ کمیونٹیز کو قریب سے دیکھا ہے۔

ماریا سارس-وتسیناس نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، رہائشی اخراجات، ٹریفک کے مسائل اور شہری سلامتی سے متعلق معاملات مقامی آبادی کے اہم مسائل ہیں اور وہ شہریوں کی آرا اور مسائل کو سٹی ہال تک پہنچانے پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایتھنک پریس اینڈ میڈیا کونسل آف کینیڈا کے ساتھ کام کے دوران انہیں حکومت کی مختلف سطحوں کے ساتھ رابطے اور متنوع کمیونٹیز کے مسائل اجاگر کرنے کا تجربہ حاصل ہوا ہے۔

ماریا سارس-وتسیناس نے انتخابی مہم کے دوران وارڈ 14 کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے ملاقاتیں کرنے اور ان کے مسائل سننے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ٹورنٹو کے بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر کو ہوں گے۔