ویانا (محمد عامر صدیق سے) ویانا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی 70ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر ضمنی تقریب کا انعقاد کیا، جس کا عنوان ’’صاف توانائی اور آبی وسائل کے انتظام کے ذریعے ایک مستحکم مستقبل کی تعمیر‘‘ تھا۔
تقریب کا آغاز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کے افتتاحی خطاب سے ہوا، جبکہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے شعبہ تکنیکی تعاون میں ایشیا و بحرالکاہل ڈویژن کے ڈائریکٹر جی ڈینگ نے بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کیا۔

تقریب میں پاکستانی ماہرین نے تکنیکی پریزنٹیشنز پیش کیں، جن میں جوہری توانائی، آئسوٹوپ ہائیڈرولوجی اور آبی وسائل کے انتظام میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر نیوکلیئر پاور کی پیداوار، جوہری تحفظ و سلامتی سے متعلق ضابطہ جاتی امور میں پاکستان کی مہارت بھی اجاگر کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کے سفیر اور مستقل مندوب محمد کامران اختر ملک نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ مقررین نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کیلئےپاکستان کے مستقل عزم کا اعادہ کیا اور جوہری بجلی گھروں کے محفوظ اور مامون آپریشن میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پاکستان کے تجربے کو اجاگر کیا۔

