برامپٹن کا پیل ریجن میں ہمدردانہ مداخلت کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا مطالبہ

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن شہر نے نشے اور ذہنی صحت کے بحران سے دوچار افراد کیلئے رضامندی کے بغیر علاج کے حوالے سے وزیر اعلیٰ اونٹاریو ڈگ فورڈ کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیل ریجن میں ہمدردانہ مداخلت کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا مطالبہ دوبارہ کردیا۔

وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ نے 10 ستمبر کو کہا تھا کہ وہ شدید نشے اور ذہنی صحت کے بحران میں مبتلا افراد کیلئے رضامندی کے بغیر علاج کے طریقہ کار پر غور کیلئےتیار ہیں، تاہم اس کا مقصد متاثرہ افراد اور ان کی برادریوں دونوں کو فائدہ پہنچانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس معاملے پر صوبے کے میئرز سے مشاورت کا بھی عندیہ دیا تھا۔

برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ شہر نے اکتوبر 2024 میں صوبائی حکومت سے پیل ریجن میں ہمدردانہ مداخلت کے آزمائشی منصوبے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ شدید بحران سے دوچار ایسے افراد کو ضروری علاج اور خدمات سے منسلک کیا جا سکے جو خود مدد حاصل کرنے کے قابل نہیں۔

برامپٹن کے مطابق جنوری 2022 سے جولائی 2026 تک پیل ریجنل پولیس نے 17 ہزار 726 افراد سے متعلق 24 ہزار 27 گرفتاریوں کے واقعات ریکارڈ کیے، جبکہ اسی عرصے میں منشیات کی زیادہ مقدار استعمال کرنے کے 3 ہزار 105 واقعات پیش آئے جن میں 534 افراد ہلاک ہوئے۔

میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ یہ معاملہ ضرورت مند افراد کو مناسب علاج فراہم کرنے، ہنگامی خدمات پر دباؤ کم کرنے اور برادری کو محفوظ رکھنے سے متعلق ہے۔

ریجنل کونسلر رووینا سانتوس نے کہا کہ شدید ذہنی صحت اور نشے کے مسائل سے دوچار افراد کو عزت و وقار کے ساتھ ضروری علاج تک پہنچانا ضروری ہے۔

پیل ریجنل پولیس کے سربراہ نشان دوریاپاہ نے بھی ہمدردانہ مداخلت کے آزمائشی منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار ذہنی صحت اور نشے کے بحران سے دوچار افراد کے ساتھ براہ راست رابطے میں آتے ہیں اور ایسے افراد کو بروقت مناسب خدمات سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔