مارک کارنی کاشہباز شریف سےرابطہ، جنگ بندی کوششوں کی پذیرائی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، رائٹرز، اے ایف پی)وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں عارضی جنگ بندی کیلئےپاکستان کی کوششوں کو سراہا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں اور پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے قیام کے لیے بامعنی اقدامات جاری رکھے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈین ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔