تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، پریس ٹی وی)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے اپنی نیک نیتی ظاہر کرنے کیلئے متعدد مثبت اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مذاکراتی عمل میں کچھ پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، اور ایران نے ہمیشہ سفارتکاری کے راستے کو ترجیح دی ہے۔محمد باقر قالیباف کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں ایرانی عوام کے عزم پر اثر انداز نہیں ہو سکتیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر امریکا جنگ کی طرف جاتا ہے تو ایران بھی بھرپور جواب دے گا، تاہم اگر بات چیت منطق اور احترام کی بنیاد پر ہوگی تو ایران بھی اسی انداز میں مذاکرات جاری رکھے گا۔ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، جبکہ دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔

