ملتان (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) ملتان میں بوسن روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر الٹنے اور آگ لگنے کے نتیجے میں 5 نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ پیر کی علی الصبح سبزہ زار میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کار تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی، سڑک کے درمیان بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی، الٹ گئی اور پھر دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور پانچوں نوجوانوں کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کر دیں۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت محمد یاسر، عمر 22 سال، محمد مزمل، عمر 23 سال، رمضان، عمر 28 سال، وہاب اور کاشو کھاکھی کے ناموں سے ہوئی۔ پانچوں نوجوان ضلع ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے رہائشی تھے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس آفیسر اختر فاروق بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جو انہیں آبائی علاقوں میں لے گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق ملتان گیٹ، ریلوے اسٹیشن، کھاکھی بنجانی اور بستی کھوجہ کے علاقوں سے تھا۔

