پشاور (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ اصولی طور پر مینڈیٹ چوروں کو جواب دینا ضروری نہیں، تاہم جب دانیال چوہدری حقائق کے برعکس بات کرکے جھوٹ کا بازار گرم کریں تو جواب دینا ضروری ہوجاتا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تنقید کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے بہادر شہداء صوبائی حکومت کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دراندازی کسی بھی سطح پر ہو، پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ اس کی مذمت کی ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا کے جائز فنڈز اور قومی مالیاتی کمیشن کے تحت صوبے کے حصے کے وسائل مسلسل روکے جا رہے ہیں۔

