اسلام آباد(نامہ نگار)قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے اپنے ساتھی وزیر خواجہ محمد آصف پر نام لیے بغیر سخت تنقید کی۔
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ہمیں شوق ہوتا ہے کہ کبھی بیوروکریسی کو برا بھلا کہتے ہیں، کبھی سیاستدانوں کو، اور کبھی اپنے ہی نظام کو “ہائبرڈ” قرار دیتے ہیں۔ اگر نظام اتنا ہی گندا اور لوگ اتنے ہی برے ہیں تو پھر حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں بیٹھ جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ راولپنڈی میں تجاوزات ہوں اور میں کہوں کہ میرا اس میں کوئی قصور نہیں۔ آپ چالیس سال سے اس نظام کا حصہ ہیں، اور پھر بھی اسے برا بھلا کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہیں لیکن ہم خود ہی اس ایوان کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ صرف وائرل ہونے کیلئےوزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو ڈس کریڈٹ کرتے ہیں۔”یہ اپنے آدھا کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔”

