نودیپ سنگھ بینس کا ڈگ فورڈ حکومت کو چیلنج، 50 مزید نشستیں جیت کر اکثریتی حکومت بنانے کا عزم

ٹورنٹو(اشرف خان لودھی سے) اونٹاریو لبرل پارٹی کے نو منتخب رہنما نودیپ سنگھ بینس نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح عوام کو درپیش مہنگائی، روزگار، رہائش اور صحت کے مسائل حل کرنا، پارٹی کو متحد کرنا اور اگلے انتخابات میں 50 مزید نشستیں جیت کر اکثریتی حکومت قائم کرنا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود بھی صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے، تاہم اس کے لیے کسی حلقے کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت اور پارلیمانی ارکان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔وہ اونٹاریو لبرل پارٹی کے صدرمنتخب ہونے کےبعدمیڈیاسے گفتگوکررہے تھے.

نودیپ سنگھ بینس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈگ فورڈ حکومت عوام کے مسائل سے لاتعلق ہوچکی ہے۔ پریمیئر اپنے نجی طیارے میں مصروف ہیں، جبکہ اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ اور گرین بیلٹ سے متعلق معاملات مسلسل سامنے آرہے ہیں۔ طلبہ بھی اونٹاریو اسٹوڈنٹ اسسٹنس پروگرام کی صورتحال سے متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا اعتماد کھو دیا ہے اور لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کے بقول ان کی ذمہ داری ہوگی کہ صوبے بھر کی کمیونٹیز سے رابطے بڑھائیں، ایک مضبوط ٹیم تشکیل دیں اور ایسا انتخابی منشور پیش کریں جو عوام کے حقیقی مسائل کا حل فراہم کرے۔

جنگ نیوز کینیڈا کے اشرف خان لودھی نے پریس بریفنگ کے دوران نودیپ سنگھ بینس کو مبارک باد دیتے ہوئے کینیڈا میں کثیرالثقافتی معاشرے کے حوالے سے اہم سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا اپنی مذہبی اور ثقافتی تنوع کی پالیسی کے لیے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے، تاہم آج سکھ اور مسلم برادریوں کو مذہبی امتیاز اور نفرت پر مبنی واقعات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کی قیادت میں اونٹاریو میں تنوع، مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے وعدے کو ان برادریوں کے حقیقی تحفظ اور یکساں سلوک میں کیسے تبدیل کیا جائے گا؟ اس پر نودیپ سنگھ بینس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز رویوں میں اضافہ واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں کسی مسئلے کا ذمہ دار یہودیوں، مسلمانوں یا تارکین وطن کو قرار دے دیا جاتا ہے۔ ایسے رویوں کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی قیادت ایک ایسے متحد صوبے کی عکاس ہوگی جہاں ہر شخص کو آگے بڑھنے اور کامیابی حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔

ایک مقامی صحافی نے سوال کیا کہ گزشتہ انتخابات میں لبرل پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد اگلے عام انتخابات تک تین برسوں میں ان کی پہلی تین ترجیحات کیا ہوں گی؟ اس پر بینس نے کہا کہ وہ فوری طور پر کام شروع کریں گے کیونکہ محنت کا کوئی متبادل نہیں۔ وہ صوبے کے شمالی، جنوب مغربی، دیہی اور شہری علاقوں میں عوام سے رابطے جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق لوگوں کی جانب سے سب سے زیادہ جس مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے وہ مہنگائی اور روزمرہ اخراجات میں اضافہ ہے۔ لوگ معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور محصولات کے باعث بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔ عوام ایسی صوبائی حکومت چاہتے ہیں جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہو۔ اسلئے استطاعت اور اخراجاتِ زندگی میں کمی ان کی پہلی ترجیح ہوگی۔

انہوں نے صحت کے شعبے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کو راہداریوں میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، جبکہ شہریوں کو اب بھی خاندانی معالج میسر نہیں آرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کی قابلِ اعتماد سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اور مؤثر حل پیش کیے جائیں گے۔ عوام حکومت پر اعتماد چاہتے ہیں، لیکن ڈگ فورڈ انتظامیہ یہ اعتماد کھو چکی ہے۔ لبرل پارٹی اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت کرے گی۔

ایک صحافی نے انہیں پارٹی کا پہلا دستار پوش سکھ رہنما قرار دیتے ہوئے پوچھا کہ وہ مختلف دھڑوں کو ساتھ لے کر کیسے چلیں گے؟ بینس نے کہا کہ انتخابی نتائج سامنے آنے پر وہ جذباتی ہوگئے تھے کیونکہ ان کی ٹیم نے بہت محنت کی تھی۔ انہوں نے اپنی حریف لی فیئرکلاف کی جانب سے نتائج کے فوری بعد مکمل حمایت کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لی فیئرکلاف نے شاندار انتخابی مہم چلائی اور ان کے تجربے اور صلاحیتوں کا پارٹی کو فائدہ ہوگا۔ اسٹیفنی اور ڈیلن سمیت تمام امیدواروں نے مثبت مہم چلائی، مسائل کے حل اور اچھے خیالات پر توجہ دی اور عوام کی بات سنی۔ اب سب متحد ہوکر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ سے متعلق سوال پر نودیپ سنگھ بینس نے کہا کہ ڈگ فورڈ حکومت نے ماحولیات اور سرسبز علاقوں کے تحفظ کی جدوجہد ترک کردی ہے۔ ان کے مطابق کنزرویٹو حکومت کی جانب سے تحفظِ ماحول کے اداروں کے اختیارات میں کی گئی بعض تبدیلیوں کو واپس لینے کی ضرورت ہے۔ توانائی کے قابلِ تجدید ذرائع کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ ماحول کے تحفظ کے ساتھ خاندانوں کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کم لاگت توانائی منصوبے متعارف کرانے چاہئیں جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ عوام کی جیب پر بھی بوجھ نہ ڈالیں۔

وفاقی حکومت کی ماحولیاتی پالیسی اور وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے موسمیاتی وعدوں میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی اور بلدیاتی حکومتوں کے ساتھ مل کر صاف ماحول اور صاف پانی کے لیے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی پالیسی کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی جامع حکمت عملی بھی ضروری ہے۔ اونٹاریو میں جنگلات کی آگ کے دوران کئی کمیونٹیز کو نقل مکانی کرنا پڑی، گھر جل گئے اور متاثرہ افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح سیلاب کے باعث لوگوں کو نقصانات اور انشورنس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبائی، وفاقی اور بلدیاتی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اور وسائل کی فراہمی ضروری ہوگی۔

فرانسیسی زبان بولنے والی کمیونٹی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نودیپ سنگھ بینس نے فرانسیسی زبان میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ فرانکو اونٹیرین کمیونٹی کیلئے مؤثر منصوبہ بندی اور فرانسیسی زبان میں سرکاری خدمات کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔ وہ ایسے حل تلاش کرینگےجن سے اس کمیونٹی کو بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔

ایک اور صحافی نے پوچھا کہ اونٹاریو لبرل پارٹی کے پہلے ایسے رہنما ہونے کے ناطے جن کا تعلق اقلیتی پس منظر سے ہے، وہ اس حیثیت کو کس طرح دیکھتے ہیں؟ بینس نے کہا کہ انہوں نے ابھی اس پہلو پر تفصیل سے غور نہیں کیا، تاہم ان کے نزدیک ہر شخص کے لیے یہ احساس ضروری ہے کہ وہ اس معاشرے کا حصہ ہے اور اسے کامیابی کے یکساں مواقع حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی کئی کمیونٹیز خود کو نظرانداز شدہ محسوس کرتی ہیں، جبکہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں میں بھی یہ احساس پایا جاتا ہے۔ معاشرے میں نفرت اور منفی رویے موجود ہیں، لیکن مجموعی طور پر لوگوں میں ہمدردی، مہربانی اور مثبت سوچ بھی بہت زیادہ ہے۔ اس مثبت جذبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست کے حوالے سے سوالات پر نودیپ سنگھ بینس نے کہا کہ وہ انتخاب ضرور لڑیں گے، لیکن کسی موجودہ رکن اسمبلی سے استعفے کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ وہ پارٹی کی انتظامیہ اور پارلیمانی ارکان سے مشاورت کے بعد مناسب وقت پر حلقے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسی ساگا میں رہتے ہیں، تاہم انتخابی حلقے کے بارے میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ان کے بقول وہ پہلے پارٹی کے تمام متعلقہ رہنماؤں کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی فوری ترجیح پارٹی کے پارلیمانی ارکان سے ملاقات اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنا ہے۔ اس کے بعد پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت ہوگی تاکہ صوبائی اسمبلی میں حکومت کا مؤثر احتساب کیا جاسکے اور عوام کے سامنے لبرل پارٹی کو ایک قابلِ اعتماد متبادل کے طور پر پیش کیا جاسکے۔

نودیپ سنگھ بینس نے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف صرف اپنی نشست جیتنا نہیں بلکہ موجودہ 14 لبرل ارکان اسمبلی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور آئندہ انتخابات میں 50 مزید نشستیں حاصل کرنا ہے تاکہ ڈگ فورڈ اور کنزرویٹو حکومت کی جگہ اکثریتی لبرل حکومت قائم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت کسی ایک نشست یا حلقے کے بارے میں حتمی بات کرنے کے بجائے پارٹی کی مجموعی کامیابی پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ کنزرویٹو اور نیو ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ان کے خلاف انتخابی مہم میں سابق وفاقی وزیر اور جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں خدمات انجام دینے کے حوالے سے تنقید کی جاسکتی ہے، اس کا مقابلہ کیسے کریں گے؟ بینس نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ سیاسی مخالفین ان پر تنقید کریں گے اور منفی مہم بھی چلائیں گے، لیکن وہ اس کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ ان کے مطابق روزگار کی تلاش میں مشکلات اور گھریلو اخراجات پورے نہ کر پانے والے خاندانوں کی مدد ان کی ترجیحات میں شامل ہوگی۔ انہوں نے بطور وفاقی وزیر صنعت پانچ برس سے زائد عرصے کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پہلے چار برسوں میں 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئیں اور اس عرصے میں کینیڈا کی معیشت جی سیون ممالک میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل تھی۔

مسی ساگا سے انتخاب لڑنے کے امکان کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پانچ مرتبہ انتخاب جیت چکے ہیں اور انہیں مقامی سطح پر انتخابی کامیابی حاصل کرنے کے تقاضوں کا تجربہ ہے۔ تاہم وہ اس وقت اپنی انتخابی نشست کا حتمی اعلان نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے پارٹی کے ایگزیکٹو اور پارلیمانی ارکان سے بات چیت ہوگی، اس کے بعد مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سامنے آنے والے عوامی مسائل کی مثال دیتے ہوئے ایک اکیلی ماں کا ذکر کیا جس نے انہیں بتایا تھا کہ اس کے بیٹے نے اچھی تعلیم حاصل کی، یونیورسٹی سے ڈگری لی لیکن اس کے باوجود اسے ملازمت نہیں مل رہی گھر کے تہہ خانے میں رہنے پر مجبور ہے کرایہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا اور مایوسی کا شکار ہے۔ بینس نے کہا کہ ایسے نوجوانوں اور خاندانوں کے لیے وہ جدوجہد کریں گے تاکہ انہیں روزگار، رہائش اور بہتر مستقبل کے مواقع میسر آسکیں۔

کوئینز پارک میں ان کی موجودگی اور ڈگ فورڈ حکومت کے احتساب سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی میں بھی موجود ہوں گے اور صوبے بھر کی کمیونٹیز میں بھی جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈگ فورڈ نے صحافیوں کے بغیر پریس کانفرنسیں کیں اور شفافیت کے قوانین میں تبدیلیاں کرکے جواب دہی سے بچنے کی کوشش کی، لیکن وہ بطور اپوزیشن رہنما حکومت کو جواب دہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کامیاب ہو، لیکن ڈگ فورڈ انتظامیہ بار بار اپنے دوستوں اور قریبی حلقوں کے مفادات کو صوبے کے عوام کے مفادات پر ترجیح دیتی ہے، جس پر اسے جواب دینا ہوگا۔

قیادت کے انتخاب میں انتہائی معمولی فرق سے کامیابی کے بارے میں سوال پر بینس نے کہا کہ وہ نتائج پر شکر گزار ہیں اور انہیں اپنی ٹیم کی محنت پر فخر ہے۔ انہوں نے لی فیئرکلاف، اسٹیفنی اور ڈیلن کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پارٹی متحد ہے۔ ان کے مطابق انتخابی مہم میں تمام امیدواروں نے ایک دوسرے کا احترام کیا اور اب سب کی مشترکہ ترجیح ڈگ فورڈ حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے ایک مضبوط متبادل پیش کرنا ہے۔

پارٹی کے سابقہ رہنماؤں کی کارکردگی اور مستقبل میں لبرل پارٹی کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق سوال پر بینس نے کہا کہ وہ پارٹی کی تعمیر نو کے ساتھ عام شہریوں تک اپنا پیغام پہنچانے پر توجہ دیں گے۔ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں ایک ایسے رہنما کے طور پر دیکھیں جو ان کے مسائل کے لیے آواز اٹھائے، ان کے مفادات کا تحفظ کرے اور بچوں کے بہتر مستقبل، محفوظ محلوں میں گھر کی استطاعت اور قابلِ اعتماد طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی انتخابی مہم صرف پارٹی ارکان تک محدود نہیں رہی بلکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران انہوں نے مختلف سیاسی پس منظر رکھنے والے شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ عوام چاہتے ہیں کہ کوئی ان کی روزمرہ مشکلات کو سمجھے اور ان کے حل کے لیے سنجیدگی سے کام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر صوبے کے عوام کے لیے کام کریں گے کیونکہ اس صوبے نے ان کے خاندان کو بہت کچھ دیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ نسلوں کو بھی ترقی اور کامیابی کے ایسے ہی مواقع میسر رہیں۔

پریس بریفنگ کے اختتام پر پارٹی میں نئی ذمہ داریوں اور لی فیئرکلاف کو ایوان میں قائدِ حزبِ اختلاف کی ذمہ داری دینے کے امکان کے بارے میں سوال کیا گیا تو بینس نے کہا کہ ان فیصلوں پر آئندہ غور کیا جائے گا، تاہم لی فیئرکلاف، اسٹیفنی، ڈیلن اور موجودہ پارلیمانی ارکان ڈگ فورڈ حکومت کا احتساب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ ایک بہتر ٹیم، مضبوط انتخابی منصوبے اور متحدہ جماعت کی تشکیل پر مرکوز رہے گی۔