پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر خلائی تعاون میں اہم پیش رفت
چینی سفارت خانے نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر جاری کردیں
نوجوان نسل کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے
اسلام آباد (چینی میڈیا) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چینی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے خلائی مشن میں شامل ہوگا۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کا پہلا مشترکہ خلائی مشن ہوگا۔
چینی سفارت خانے کے مطابق یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کی نسل در نسل قائم دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مشن سے نوجوان نسل کو نئی تحریک ملے گی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔
چینی سفارت خانے نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ سفارت خانے کے مطابق پاکستان اور چین کی 75 سالہ دوستی کا مشترکہ سفر اب خلا کی وسعتوں میں بھی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

