لندن / نیویارک( رائٹرز، اے ایف پی)امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا اور قیمت 101 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔اوپیک نے موجودہ صورتحال میں دنیا بھر میں تیل کی طلب میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
خلیج فارس میں بحری جہازوں پر انشورنس پریمیم میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث انشورنس اخراجات میں 1000 فیصد تک اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 15 کروڑ ڈالر مالیت کے تیل بردار جہاز کے لیے 75 لاکھ ڈالر تک انشورنس پریمیم ادا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف رجحان میں اضافہ ہوا ہے، اور چین اس شعبے میں سبقت لے رہا ہے۔ چینی کمپنیوں کی متبادل توانائی سے متعلق برآمدات میں 57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

