واشنگٹن( غیر ملکی میڈیا، وال اسٹریٹ جرنل)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے حوالے سے سخت اور دھمکی آمیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ایک ہزار میزائل ایران کی جانب نشانہ باندھے تیار ہیں۔”
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکی فوج کو ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے یا اقدامِ قتل کی کسی بھی دھمکی پر عمل کیا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ٹرمپ کے مطابق اگر ایران نے ایسی کسی کارروائی کی کوشش کی تو امریکا کی جانب سے مزید ہزاروں میزائل داغے جائیں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا ہے کہ اس کے پاس ایسی انٹیلی جنس معلومات موجود ہیں جن کے مطابق ایران مبینہ طور پر ٹرمپ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
دوسری جانب ایران نے امریکا سے مذاکرات کے نئے مرحلے کی درخواست کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات کے نئے دور کی کوئی درخواست نہیں کی، تاہم ثالث ممالک کے وفود کے دورۂ ایران کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

