22 سالہ نوجوان میئر منتخب، ایسپانولا کی بلدیاتی تاریخ میں نئی نسل کی انٹری

ایسپانولا (سی بی سی نیوز) کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے قصبے ایسپانولا میں 22 سالہ نوجوان ایڈن کلیوئنن نے میئر کے انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی۔ وہ قصبے کے نئے میئر منتخب ہوگئے ہیں اور ان کی کامیابی کو مقامی سیاست میں نوجوان نسل کی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایڈن کلیوئنن کا مقابلہ 73 سالہ امیدوار ڈگلس جروائس سے تھا۔ دونوں امیدواروں نے انتخابی مہم کے دوران میئر کے عہدے کے لیے اپنی ترجیحات اور قصبے کی بہتری کے منصوبے پیش کیے تھے، تاہم ووٹرز نے نوجوان امیدوار کے حق میں فیصلہ دیا۔

ایسپانولا اونٹاریو کے شہر سڈبری کے مرکزی علاقے سے تقریباً 70 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ ایڈن کلیوئنن کی کامیابی اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ صرف 22 سال کی عمر میں انہوں نے مقامی بلدیاتی قیادت کی ذمہ داری حاصل کرلی ہے۔

انتخابی مہم کے دوران کینیڈین نشریاتی ادارے کے ریڈیو پروگرام ’’مارننگ نارتھ‘‘ کے میزبان مارکس شوابے نے دونوں امیدواروں سے گفتگو کی تھی، جس میں انہوں نے میئر کا انتخاب لڑنے کی وجوہات اور قصبے کے مستقبل کے حوالے سے اپنے خیالات بیان کیے تھے۔

ایڈن کلیوئنن کی کامیابی کو کینیڈا کی بلدیاتی سیاست میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور نئی نسل کو قیادت کے مواقع ملنے کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔