500 دن سے قید ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اسرائیلی عدالت میں پیش کر دیا گیا

غزہ/تل ابیب( بین الاقوامی میڈیا)اسرائیل میں تقریباً 500 دن سے قید کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو اسرائیلی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی سماعت کے دوران ڈاکٹر حسام ابو صفیہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے، جبکہ سامنے آنے والی تصاویر میں وہ انتہائی کمزور دکھائی دیے۔

اسرائیلی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا تعلق حماس سے ہے، تاہم ان کے فلسطینی وکیل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام اب تک اس الزام کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔

فزیشنز فار ہیومن رائٹس اسرائیل کے مطابق ڈاکٹر حسام ابو صفیہ گزشتہ 500 دن سے بغیر فردِ جرم کے قید ہیں۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دورانِ قید ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا وزن تقریباً 40 کلوگرام کم ہو چکا ہے، جبکہ عدالتی سماعت کے دوران انہیں ہتھکڑیاں بھی لگائی گئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق صرف الزامات کی بنیاد پر کئی سو فلسطینی ڈاکٹر اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔متعدد فلسطینی اور بعض اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔