آئی سی سی نے کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کر دی،”سنگین خلاف ورزیوں” کا الزام

دبئی/ایڈمنٹن (آئی سی سی،سی بی سی نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انتظامی بدعنوانی، مالی بے ضابطگیوں اور قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کے بعد کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کر دی ہے۔آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ اتوار کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے بورڈ اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں تنظیم کی جانب سے”رکنیت کی سنگین خلاف ورزیاں” سامنے آئیں۔

رپورٹس کے مطابق مئی میں آئی سی سی نے کرکٹ کینیڈا کی فنڈنگ پہلے ہی منجمد کر دی تھی اور اسے اپنے مالی و انتظامی نظام درست کرنے کے لیے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔ اس وقت آئی سی سی نے تنظیم کی آڈٹ شدہ مالی رپورٹس کی عدم دستیابی اور ناقص گورننس پر بھی تشویش ظاہر کی تھی۔

2024 کی مالی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کینیڈا کو آئی سی سی سے 3.6 ملین ڈالر سے زائد فنڈنگ ملی تھی، جو اس کی مجموعی آمدنی کا بڑا حصہ تھا۔آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ پابندی کے باوجود کینیڈا کی قومی ٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی، تاہم فنڈنگ سخت نگرانی اور کنٹرول کے تحت جاری رہے گی۔

معطل تنظیم کو بحالی کے لیے گورننس، انتظامی اصلاحات اور مالی شفافیت سمیت متعدد شرائط پوری کرنا ہوں گی۔یہ پیشرفت ایک تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کرکٹ کینیڈا کے اندر مالی بے ضابطگیوں اور میچ فکسنگ سے متعلق الزامات بھی سامنے آئے تھے، جن کی متعلقہ افراد نے تردید کی ہے۔