کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جہاں صوبوں کے قیام کا مطالبہ موجود ہے اور آبادی کے تناسب سے نئے صوبوں کی ضرورت ہے، وہاں صوبے قائم کیے جائیں۔
کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبے کے قیام کا سب سے مضبوط مقدمہ اور ضرورت سندھ کے شہری علاقوں میں ہے۔ ایسی جمہوریت کی ضرورت نہیں جس کے ثمرات عام پاکستانیوں تک نہ پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹ کے مطالبے کو ایوانوں تک محدود رکھنے کے بجائے آئین اور قانون کے راستے سے آگے بڑھاتے ہوئے سڑکوں پر اس کا فیصلہ کروائیں گے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جو لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ کا صوبہ کہاں بنے گا، انہیں جواب ہے کہ ہم اپنے حصے کی زمین ساتھ لائے تھے۔ پاکستان میں غیر مسلموں کی چھوڑی ہوئی متروکہ جائیدادیں قانونی طور پر ہماری ہیں۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ظالموں اور جابروں کیخلاف مظلوموں کی صف بندی کا وقت آچکا ہے۔ ایک طرف لوٹنے والے ہوں گے اور دوسری طرف لٹنے والے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے صف بندی تیار ہے، ملک کو موروثی سیاست اور جاگیردارانہ جمہوریت کی ضرورت نہیں۔

