آبنائے ہرمز: امریکا مفاہمتی یادداشت کی شرائط پر عمل کرے:ایرانی فوج

تہران(آئی آر آئی بی، ایرانی میڈیا، رائٹرز)ایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ 16 جون کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) کی شرائط پر مکمل عمل درآمد کرے۔

سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی (IRIB) کو دیے گئے انٹرویو میں بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایک غیر قانونی بحری راستہ قائم کرنے کی کوشش کر کے خطے میں کشیدگی اور عدم تحفظ کی صورتحال پیدا کی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں ایرانی عوام کے حقوق اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی اور کسی بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے مزید کہا کہ ایرانی فوج مسلسل اپنے ممکنہ اہداف کی فہرست (بینک آف ٹارگٹس) کو اپ ڈیٹ کر رہی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور امریکا و ایران ایک دوسرے پر مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔