آبنائے ہرمز میں مزید دو آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی

تہران (خبر ایجنسیاں) آبنائے ہرمز میں مزید دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں میں دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق دونوں آئل ٹینکر اپنے ریڈار اور مقام بتانے والے نظام بند کرکے آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے غیر مجاز راستے کے ذریعے گزرنے کی کوشش کررہے تھے کہ بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔ دھماکوں کے بعد جہازوں میں آگ لگ گئی۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ان جہازوں کو اس راستے سے گزرنے سے پہلے خبردار کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے انتباہ نظرانداز کیا اور اپنے نظام بند کرکے گزرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب ایران کی باقاعدہ بحریہ نے بھی ایک الگ واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک اور تیل بردار جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ ایرانی بحریہ کے مطابق یہ جہاز ممنوعہ اور غیر محفوظ سمندری علاقے سے گزر رہا تھا اور اس کے شناختی و نگرانی کے نظام بھی بند تھے۔ دھماکے اور آتش زدگی کے بعد جہاز کو سفر روکنا پڑا۔

اس طرح ایرانی بحریہ اور پاسدارانِ انقلاب کے بیانات کے مطابق 14 نومبر کو آبنائے ہرمز میں مجموعی طور پر تین آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرائے۔ تاہم متاثرہ جہازوں کے نام، ان کی ملکیت، عملے کی تعداد اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پہلے ہی ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث متاثر ہے۔ یہ اہم سمندری گزرگاہ خلیج فارس کو خلیج عمان سے ملاتی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان واقعات نے تجارتی جہازوں کی سلامتی اور عالمی توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔