اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سے متعلق ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کی شائع کردہ خبر پر حکومتِ پاکستان نے سخت سرکاری احتجاج کرتے ہوئے باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی ہے۔
وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ رپورٹ غیر مصدقہ اور غیر ثابت شدہ الزامات پر مبنی تھی، جس میں حکومتی مؤقف اور سرکاری ریکارڈ پر موجود حقائق کو نظر انداز کیا گیا۔
بیان کے مطابق غیر ملکی نشریاتی ادارے کی جانب سے غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت کا یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ غیر تصدیق شدہ دعوؤں کی بار بار اشاعت ایک رجحان اختیار کرتی جا رہی ہے، جس کی اصلاح کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ غیر ملکی نشریاتی ادارے نے آزاد کشمیر میں راستوں کی بندش سے متعلق حقائق کے برعکس خبر شائع کی، جسے حکومتِ آزاد کشمیر بھی بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو غیر مصدقہ، گمراہ کن اور بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کرنا چاہیے اور صحافتی ذمہ داری کے تقاضوں کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔

