آن لائن چوری کے طریقے سیکھ کر خاتون نے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال چرا لیا

حیدرآباد (بھارتی میڈیا) بھارت کے شہر حیدرآباد میں بند گھروں سے طلائی زیورات، نقدی اور آئی فون 17 چوری کرنے کے الزام میں 25 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ چوری کی 5 وارداتوں میں ملوث تھی اور اس نے مبینہ طور پر 2 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے شوہر سے چھپ کر انٹرنیٹ کے ذریعے گھروں میں نقب لگانے کے طریقے سیکھے تھے۔ وہ وارداتوں کے دوران برقع پہن کر اپنی شناخت چھپاتی اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرتی تھی۔

پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے سونے اور چاندی کے زیورات، نقدی اور آئی فون 17 برآمد کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 70 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 2 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

پولیس کے مطابق ایک بند گھر میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ملزمہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ فوٹیج میں اسے سیاہ لمبا برقع، چہرے پر نقاب، سیاہ دستانے اور ہلکے نیلے رنگ کا بیگ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ گھر کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے، تاہم ناکامی کے بعد عمارت سے باہر نکل جاتی ہے۔

پولیس کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق ملزمہ مبینہ طور پر اپنے پُرتعیش طرزِ زندگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے چوری کی وارداتیں کرتی تھی۔

دوسری جانب حیدرآباد میں چوری کی ایک اور کارروائی میں پولیس نے 20 روز کے دوران 10 وارداتیں کرنے کے الزام میں نوین نامی شخص کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے تقریباً 37 تولے، یعنی 430 گرام سونے کے زیورات برآمد کیے ہیں۔

پولیس دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ مبینہ وارداتوں کی مکمل تفصیلات اور دیگر چوری کی وارداتوں سے ان کے ممکنہ تعلق کا پتا چلایا جاسکے۔