نجف( رائٹرز، عراقی سرکاری ٹی وی)ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی ایران سے عراق کے مقدس شہر نجف پہنچا دیا گیا، جہاں ان کے استقبال کیلئے عراقی وزیرِاعظم، اعلیٰ حکام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی نجف پہنچ گئے ہیں اور وہ جنازے کے جلوس میں شریک ہوں گے۔ نجف میں آیت اللہ خامنہ ای کے جسدِ خاکی کو حضرت امام علیؑ کے روضۂ اقدس پر حاضری کیلئے لے جایا جائے گا، جس کے بعد اسے کربلا منتقل کیا جائے گا، جہاں حضرت امام حسینؑ کے روضۂ مبارک پر بھی حاضری دی جائے گی۔
اس سے قبل منگل کی صبح ایران کے شہر قم میں مسجد جمکران میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ جنازے کا جلوس کئی کلومیٹر تک پھیلا ہوا تھا اور ہر عمر کے افراد، گود کے بچوں سے لے کر بزرگوں تک، بڑی تعداد میں اس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
تہران میں بھی آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نمازِ جنازہ میں انسانوں کا ایک عظیم سمندر امڈ آیا۔ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ اور جلوسِ جنازہ میں لاکھوں افراد شریک ہوئے۔اطلاعات کے مطابق ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو 9 جولائی کو مشہد میں حضرت امام علی رضاؑ کے روضۂ اقدس کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائیگا۔

