استور:ایک مارخور کے شکار کے پرمٹ کیلئے 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر کی ریکارڈ بولی

گلگت بلتستان(وقائع نگار خصوصی) گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی نیلامی میں استور مارخور کے شکار کے پرمٹ کیلئے سب سے بڑی بولی 3 لاکھ 56 ہزار ڈالر لگائی گئی۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق نیلامی میں ملکی و غیرملکی شکار کے منتظمین اور ان کے نمائندوں نے حصہ لیا۔

استور مارخور کے علاوہ سَکوار، مَناوَر اور برمِس کے مارخور کے شکار کیلئے 3 لاکھ ایک ہزار ڈالر جبکہ سَئیں جگلُوٹ کیلئے 2 لاکھ 94 ہزار ڈالر کی کامیاب بولی لگی۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں مارخور سمیت 118 جنگلی جانوروں کے شکار کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے رواں سال 70 کروڑ روپے سے زائد آمدن متوقع ہے، لائسنسوں سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد مقامی آبادی جبکہ 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوتا ہے۔