بیروت( امریکی حکام، لبنانی وزارتِ صحت، عبرانی ذرائع)اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کا اطلاق آج لبنان کے مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے شروع ہو گیا ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق جنگ بندی معاہدے میں امریکا اور قطر نے ثالث کا کردار ادا کیا۔ ان کے بقول امریکا نے اسرائیل جبکہ قطر نے ایران کے ساتھ رابطوں کے ذریعے مذاکرات کو آگے بڑھایا، جس کے بعد فریقین جنگ بندی پر آمادہ ہوئے۔
ادھر ایک اسرائیلی ذریعے نے عبرانی ذرائع ابلاغ کو تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے، تاہم اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں قائم بفر زون میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر حزب اللّٰہ کی جانب سے دوبارہ حملے کیے گئے تو فوری اور سخت ردعمل دیا جائے گا۔
جنگ بندی سے قبل اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں شدید فضائی حملے کیے، جن میں مزید 47 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق مارچ 2026ء کے بعد یہ لبنان کے لیے دوسرا خونریز ترین دن ثابت ہوا۔ اس سے قبل 17 اپریل کو اسرائیلی حملوں میں 98 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
لبنانی حکام کے مطابق جمعہ کو جنوبی لبنان میں ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اس سے قبل حزب اللّٰہ کے حملوں میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

