واشنگٹن/ابوظبی(بین الاقوامی میڈیا)اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے میزائل حملوں سے دفاع کیلئے آئرن ڈوم دفاعی نظام کی بیٹریاں اور انہیں چلانے والے اہلکار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بھیجے ہیں۔
ٹیل ابیب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیک ہکابی نے کہا کہ ابو ظہبی اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ایک مثال ہے اور یہ تعاون اب مزید گہرا ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یو اے ای کو آئرن ڈوم بیٹریاں اور تکنیکی عملہ فراہم کیا ہے تاکہ ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں سے دفاع کیا جا سکے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا کے مالی تعاون سے تیار کردہ جدید دفاعی نظام آئرن ڈوم کو اسرائیل سے باہر کسی ملک میں استعمال کیا جا رہا ہے۔مائیک ہکابی نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک کو علاقائی جنگ میں “ایک طرف کا انتخاب” کرنا ہوگا، جبکہ انہوں نے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط قرار دیا۔
اس سے قبل مختلف میڈیا رپورٹس میں یو اے ای میں آئرن ڈوم کی تعیناتی کا ذکر کیا جا چکا تھا، تاہم یہ پہلی بار ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق سامنے آئی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خلیجی ممالک میں دفاعی تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

