اسرائیل کی جانب سے بیروت پر حالیہ حملوں سے خوش نہیں: ٹرمپ

واشنگٹن(امریکی میڈیا، وائٹ ہاؤس رپورٹس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اب مزید میزائل حملے نہیں کرنے چاہئیں اور معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

صحافی بارک راوڈ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک حتمی معاہدہ بہت قریب ہے، اور موجودہ کشیدگی اس عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو جوابی کارروائی کرتے ہیں تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اور یہ سلسلہ برسوں سے جاری تنازع کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق وہ جلد نیتن یاہو سے رابطہ کریں گے اور انہیں تحمل کا مشورہ دیں گے تاکہ جوابی حملوں کا سلسلہ نہ بڑھے۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے جو میزائل فائر کیے ہیں وہ کافی ہیں اور اب وقت ہے کہ تہران میز پر واپس آئے اور معاہدے کی طرف پیش رفت کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے بیروت پر حالیہ حملوں سے خوش نہیں ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے خواہاں ہیں۔امریکی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اعلیٰ سطح پر سفارتی رابطے جاری ہیں تاکہ کسی بڑے تصادم کو روکا جا سکے۔