بیروت(رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ، العربیہ)اسرائیلی فوج نے لبنان میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ اور جنوبی شہر صیدا پر فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں 4 افراد شہید جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔
لبنانی حکام کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں لبنانی فوج کے ایک بریگیڈیئر جنرل اور دو دیگر افسران سمیت 10 افراد شہید ہوئے تھے، جس کے بعد ملک میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ بیروت کے مضافاتی علاقے میں کیے گئے حملے میں حزب اللہ کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، تاہم لبنان کی جانب سے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں داخل ہونے والی اسرائیلی فوج پر حزب اللہ کے جنگجوؤں نے حملے کیے، جن کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران اپنے گھروں کو واپس لوٹنے والے متعدد شہری دوبارہ ضاحیہ سے نقل مکانی کر رہے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ حالیہ فضائی حملے کسی وسیع فوجی کارروائی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنانی شہر صور اور اس کے نواحی علاقوں کے رہائشیوں کو بھی ممکنہ حملوں سے قبل انخلا کی وارننگ جاری کر دی ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔

