اسلام آباد (نامہ نگار) ملک بھر میں بجلی کی طلب 6 ہزار میگاواٹ کی کم ترین سطح سے بھی نیچے جا پہنچی ہے۔ذرائع نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے مطابق سولر توانائی کے بڑھتے استعمال کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے فریکونسی سسٹمز کئی بار آؤٹ ہو گئے، جس کے نتیجے میں جبری لوڈشیڈنگ کرنا پڑی۔
ذرائع کے مطابق آئیسکو کی طلب پہلی بار صرف 100 میگاواٹ تک گر گئی، جبکہ لیسکو کی طلب بھی 100 میگاواٹ تک جا پہنچی۔ ملک بھر میں بجلی کی طلب کم ترین سطح سے نیچے جا پہنچی، جس کے باعث سسٹم مکمل بیٹھ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
بعد ازاں، لسیکو اور آئیسکو کی طلب کو 1000 میگاواٹ سے اوپر لے جا کر سسٹم بحال کیا گیا، اور فریکونسی سسٹمز میں آؤٹ ہونے کے باعث سولر فیڈرز کو کئی بار بند کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق اب فریکونسی مطلوبہ حد پر ہے اور بجلی کی طلب 8 سے 10 ہزار میگاواٹ کے درمیان ہے، عید کی چھٹیوں کے دوران کمرشل اور صنعتی بجلی کی طلب کئی گنا کم رہی۔عام دنوں میں بجلی کی طلب 14 ہزار میگاواٹ ہوتی ہے، جبکہ گرمیوں کے موسم میں یومیہ طلب 24 ہزار میگاواٹ سے زائد ہو جاتی ہے۔

