اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پر مشتمل اہم چار ملکی مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا۔اجلاس میں پاکستان کے سینیٹر اسحاق ڈار، سعودی عرب کے فیصل بن فرحان، ترکیہ کے حاکان فیدان اور مصر کے بدر عبدالعاطی شریک ہوئے۔
چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے میں کشیدگی، جنگ بندی اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امن و استحکام کیلئےمذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا گیا۔
اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ایران سمیت علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ملاقاتوں میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، مکالمے کو فروغ دینے اور سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ علاقائی ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے قبل اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔ایرانی مؤقف کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی اقدامات کی مذمت کی اور جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر زور دیا۔

