اسپین: ٹورنٹو پولیس کے 3 اہلکار گرفتار، 2 پر جنسی زیادتی کا الزام

بارسلونا / ٹورنٹو (غیرملکی میڈیا)اسپین میں چھٹیاں گزارنے والے ٹورنٹو پولیس کے 3 آف ڈیوٹی اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں سے 2 پر جنسی زیادتی اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ہسپانوی پولیس کے مطابق واقعہ 13 مئی کو بارسلونا کے علاقے سیوتات ویلا میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کا معاملہ سامنے آیا۔

رپورٹ کے مطابق 2 اہلکاروں کو واقعے کے روز ہی گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ تیسرے اہلکار کو 2 روز بعد پالما دے مایورکا سے حراست میں لیا گیا۔ٹورنٹو پولیس سروس کی ترجمان اسٹیفنی سیئر نے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اہلکار کینیڈا واپس آ چکا ہے اور اسے تنخواہ سمیت معطل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر 2 اہلکاروں کو وطن واپسی پر معطل کیا جائے گا۔

ٹورنٹو پولیس نے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی اور کہا ہے کہ معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث مزید تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔دوسری جانب ٹورنٹو پولیس ایسوسی ایشن نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ اس معاملے سے آگاہ ہے، تاہم چونکہ یہ واقعہ ڈیوٹی سے ہٹ کر پیش آیا، اس لیے مزید مؤقف نہیں دیا گیا۔