میڈرڈ ( بین الاقوامی میڈیا)اسپین نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کسی بھی ممکنہ جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے ایک برطانوی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسپین ایسی کسی کارروائی میں شامل نہیں ہوگا جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے بحران کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے اور مسئلے کو صرف سفارتی ذرائع سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی نظام اس وقت دو حصوں میں تقسیم ہو رہا ہے: ایک طرف بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور دوسری طرف طاقت اور جنگل کا قانون۔
ان کے مطابق اگر عالمی سطح پر جنگ اور تشدد کو ترجیح دی گئی تو اس سے خارجہ پالیسی کی جگہ افراتفری اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔اسپین کے اس مؤقف کو یورپی سطح پر ایک محتاط اور کشیدگی کم کرنے والے رویے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

