الجزائر: یتیم خانے میں آتشزدگی، 11 بچے جاں بحق، 19 زخمی

الجزائر (رائٹرز) الجزائر کے دارالحکومت الجزائر کے مشرقی نواحی علاقے محمدیہ میں واقع ایک یتیم خانے میں آگ لگنے کے نتیجے میں 11 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہو گئے۔

الجزائر کے شہری دفاع کے ادارے کے مطابق آگ جمعرات کی صبح لگی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں کیں۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں 10 افراد جھلس گئے، جبکہ پانچ معذور بچوں کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا۔

حکام نے تاحال جاں بحق بچوں کی شناخت، عمروں یا آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

الجزائر میں حالیہ دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ شہری دفاع کے ادارے کے مطابق 8 جولائی سے ملک بھر میں 913 آگ لگنے کے واقعات پر قابو پایا جا چکا ہے، تاہم حکام نے یتیم خانے میں لگنے والی آگ کی وجہ کے بارے میں ابھی کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا ہے۔