ابوظہبی (اماراتی حکام، عرب میڈیا، بی بی سی)متحدہ عرب امارات نے ایران کو جارح اور خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی میں اضافہ ایران کی کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق فجیرہ پر مبینہ حملے کے بعد ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے بھی کیے گئے، جن میں پیر کے روز ہونے والے حملوں سے آئل زون میں آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔
امارات نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنی فضائی حدود کو جزوی طور پر بند کر دیا ہے۔اماراتی صدر کے مشیر انور قرقاش نے کہا کہ خلیجی اور عرب ممالک سمیت عالمی برادری کی جانب سے ایرانی اقدامات کی مذمت اس بات کی توثیق ہے کہ امارات کا مؤقف درست ہے۔
عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ایران کے اقدامات خطے میں جاری نازک جنگ بندی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور فجیرہ پر حملے کی مذمت کی۔رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئےپاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

