امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کرلیا:ایکسیوس

واشنگٹن/دوحہ(ایکسیوس، رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ)امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران ایک دوسرے پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کے تنازع کو حل کرنے کیلئے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کو گیارہ روز گزر چکے ہیں، تاہم حالیہ فضائی حملوں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ دوبارہ شروع ہونے کے انتباہ کے بعد جنگ بندی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کی بنیادی وجہ جنگ کے خاتمے کیلئےطے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی مختلف تشریحات تھیں، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شقوں پر دونوں فریق الگ الگ مؤقف رکھتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران نے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی کوشش کرنے کا وعدہ کیا تھا، جبکہ اس کے بدلے امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کردی تھی۔

رپورٹ کے مطابق منگل کا اجلاس ابتدا میں سوئٹزرلینڈ میں ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کیلئےطے تھا، تاہم حالیہ کشیدگی کے بعد اس کا مقام تبدیل کرکے قطر کردیا گیا، جہاں اب مذاکرات کا بنیادی مرکز آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع اور بحری آمدورفت کے معاملات ہوں گے۔