امریکا ایران کے منجمد اثاثے خلیجی اتحادیوں کو دینے پر غور کر رہا ہے:رائٹرز کا دعویٰ

واشنگٹن(رائٹرز)خبر ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کے منجمد مالی اثاثے اپنے خلیجی اتحادی ممالک کی تعمیر نو اور نقصانات کے ازالے کے لیے استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس مجوزہ منصوبے کے تحت ایران سے منسوب مبینہ نقصانات کے ازالے کے لیے خلیجی ممالک کو مالی وسائل فراہم کیے جا سکتے ہیں، تاکہ خطے میں ہونے والے نقصانات کی تلافی ممکن بنائی جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ خلیجی ممالک کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ تیار کیا جائے تاکہ اس منصوبے کے عملی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

تاہم اس حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا جبکہ یہ رپورٹ فی الحال ذرائع پر مبنی دعوؤں تک محدود ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی اور سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں ،مختلف فریقین صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے سفارتی راستوں پر غور کر رہے ہیں۔