امریکا سے کیے گئے تمام مطالبات جائز ہیں:ایران

تہران( ارنا، تسنیم، ایرانی وزارت خارجہ)ایران نے کہا ہے کہ امریکا سے کیے گئے تمام مطالبات جائز ہیں اور اس نے مذاکرات کیلئے فراخدلانہ اور ذمہ دارانہ تجاویز پیش کی ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران جنگ اور بحری قزاقی کے خاتمے، ایرانی اثاثوں کی بحالی اور لبنان سمیت خطے میں سیکیورٹی کے قیام جیسے اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا ایران سے غیر معقول مطالبات کر رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ایران نے چینی صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کسی ممکنہ معاہدے کیلئے چین کو ضامن بنانے کی تجویز بھی دی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان باضابطہ ثالثی کا کردار اب بھی پاکستان ادا کر رہا ہے جبکہ قطر سمیت کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کیلئے دونوں فریقین سے رابطے میں ہیں۔