کیلیفورنیا (امریکی فضائیہ، بین الاقوامی میڈیا)امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں امریکی فضائیہ کا بی 52 اسٹریٹوفورٹریس بمبار طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں سوار آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی فضائیہ کے مطابق طیارہ پیر کی صبح معمول کے آزمائشی مشن پر جنوبی کیلیفورنیا کے موجاوے صحرا میں واقع ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوا تھا، تاہم ٹیک آف کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔
فضائیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق حادثے میں زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تمام اہلکاروں کا حساب لگانے کی کوشش جاری ہے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ فضائی مناظر میں جائے حادثہ سے سیاہ دھواں اٹھتا ہوا اور طیارے کا ملبہ وسیع علاقے میں پھیلا ہوا دکھائی دیا۔
حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ طیارہ کسی قسم کے ہتھیار لے جا رہا تھا یا نہیں۔ حادثے کے بعد ایڈورڈز ایئر فورس بیس کا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور آنے والی پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
ہوابازی کے ماہرین کے مطابق طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد گرنے سے بظاہر اندازہ ہوتا ہے کہ اسے پرواز پر قابو رکھنے میں کوئی سنگین تکنیکی خرابی پیش آئی، تاہم اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ بی 52 اسٹریٹوفورٹریس امریکی فضائیہ کا طویل فاصلے تک مار کرنے والا بمبار طیارہ ہے جو 1955 سے زیر استعمال ہے اور روایتی و جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

