واشنگٹن / تہران(امریکی سینٹرل کمانڈ، ایرانی میڈیا)امریکا نے ایک بار پھر ایران پر فضائی حملہ کیا ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پاناما کے پرچم بردار ایک ٹینکر پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے جواب میں ایران کے متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائی کے دوران ایران کے فوجی نگرانی کے نظام، مواصلاتی مراکز، فضائی دفاعی تنصیبات، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت سے متعلق اہداف پر حملے کیے گئے۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر کی گئیں۔دوسری جانب ایرانی میڈیا نے سرک اور قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاع دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سرک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کی صبح بھی ایران پر فضائی حملہ کیا تھا، جس کے بارے میں ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے ناکام بنا دیا گیا، جبکہ جوابی کارروائی میں خطے میں امریکی فوج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں بحرین نے ایران پر ڈرون حملوں کا الزام عائد کیا تھا۔

