امریکا کا ایران کو جنگی نقصانات کا معاوضہ دینے سے دوٹوک انکار

پیرس (ال مانیٹر)امریکا نے ایران کی جانب سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن تہران کو کوئی معاوضہ ادا نہیں کرے گا۔

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے پیرس میں گروپ آف سیون کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران بھاری رقوم کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ایسا نہیں ہوگا۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران معاوضہ طلب کرنے کے بجائے خود خطے کو غیر مستحکم کرنے پر ہرجانہ ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کرنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایرانی معیشت پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی شرائط میں امریکی بحری ناکہ بندی اور پابندیوں کا خاتمہ، منجمد اثاثوں کی واپسی اور امریکی و اسرائیلی حملوں سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ شامل کیا ہے۔ ایرانی حکومت نے اپریل میں اندازہ لگایا تھا کہ جنگ کے آغاز سے ملک کو براہِ راست اور بالواسطہ طور پر کم از کم 270 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

روبیو کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے مثبت پیش رفت کا دعویٰ کیا تھا۔