امریکا کو ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات نہیں دی گئیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد( اے پی پی، ترجمان دفتر خارجہ)ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان نے امریکا کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 29 مئی کو امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے ایران کے جوہری پروگرام پر کوئی معلومات شیئر کیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات یا حساس پروگراموں سے متعلق معلومات کے تبادلے میں شامل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ایران اور دیگر فریقین کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کیلئے بھی تیار ہے۔

دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آبی تنازعات پر بھارت کے رویے پر تشویش رکھتا ہے اور دریائے چناب کے پانی کے رخ موڑنے کے منصوبے کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے آبی حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والے دہشت گرد حملے قابلِ قبول نہیں، جبکہ پاکستان چین کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں ٹی ٹی پی سمیت مختلف گروہوں کے خلاف مشترکہ اقدامات شامل ہیں۔