امریکا کے حالیہ حملوں میں شہدا کی تعداد 24 ہوگئی: ایرانی میڈیا

تہران (ارنا/مہر نیوز/انادولو ایجنسی) ایران میں امریکی حملوں کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 24 ہو گئی ہے۔ ایرانی سرکاری اور نیم سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو ہونے والے تازہ حملوں میں مزید 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ خوزستان کے شہر آبادان میں امریکی حملوں کے دوران تین مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دو افراد شہید اور تین زخمی ہوئے۔

صوبہ اصفہان کے شہر نائین میں ایک فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔اسی طرح خوزستان کے ضلع ماہ شہر میں ایک واٹر پمپنگ اسٹیشن پر حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید اور چار افراد زخمی ہوئے۔

ایرانی حکام کے مطابق حالیہ امریکی حملوں کے بعد مختلف علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ امدادی اور ریسکیو کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ حملوں کا ہدف ایران کی عسکری صلاحیتوں اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات کو کم کرنا تھا۔