امریکہ: آئیڈاہو ایئر فورس بیس میں دو طیارے فضا میں ٹکرا گئے، پائلٹس محفوظ

آئیڈاہو ( امریکی بحریہ، مقامی حکام)امریکی ریاست آئیڈاہو میں واقع گن فائٹر اسکائیز ایئر شو کے دوران دو فوجی طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا گئے، تاہم دونوں طیاروں میں موجود چاروں اہلکار محفوظ رہے اور بروقت چھلانگ لگا کر جان بچا لی۔

امریکی بحریہ کے ترجمان کے مطابق حادثے میں شامل تمام چاروں ایوی ایٹرز نے ایمرجنسی ایجیکشن کے ذریعے طیارہ چھوڑ دیا، جس کے بعد انہیں طبی معائنے کے لیے منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ تمام اہلکار ابتدائی طور پر مستحکم حالت میں تھے۔

واقعہ شو کے دوسرے دن دوپہر تقریباً 12:10 بجے پیش آیا جب دو امریکی بحریہ کے EA-18G طیارے فضائی مظاہرہ کر رہے تھے کہ وہ فضا میں آپس میں ٹکرا گئے اور زمین کی طرف جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق طیاروں کے ٹکرانے کے بعد چار پیراشوٹ کھلتے ہوئے نظر آئے اور جائے وقوعہ سے دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

حادثے کے بعد ایئر بیس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بعد ازاں عوام کو محفوظ طریقے سے ایئر بیس سے باہر نکال دیا گیا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایئر شو منسوخ کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔