تہران (رائٹرز/اے ایف پی/ارنا/مہر نیوز) ایران نے کہاہے کہ جنوبی ایران میں رات گئے ہونے والے امریکی فضائی حملوں میں ایرانی مسلح افواج کے 8 اہلکار جبکہ دو ماہی گیر بھی شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا (IRNA) کے مطابق امریکی حملوں میں ایرانی فوج کے 8 اہلکار شہید ہوئے، تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب مہر نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ صوبہ ہرمزگان میں امریکی حملوں کے دوران دو ماہی گیر بھی جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جوابی کارروائی میں خطے میں واقع 85 امریکی فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں سلمان پورٹ، بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے (Fifth Fleet) کا ہیڈکوارٹر اور کویت کا علی السالم ایئر بیس بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمان (CENTCOM) نے کہا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر ایرانی حملوں کے جواب میں ایران کے 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔امریکی اور ایرانی حکام کے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

