تہران( ارنا، تسنیم، رائٹرز)ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا اور تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت اور بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق ایرانی بحریہ اور فضائیہ نے کویت میں امریکی علی السالم ایئربیس اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں قائم امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے۔
آئی آر جی سی کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کے پانچ ساحلی مقامات پر امریکی بمباری کے جواب میں کی گئی ہیں۔پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے آنے والے دنوں میں مزید حملوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ایرانی شہر سیریک پر امریکی حملہ آبنائے ہرمز پر ایران کی برتری ختم نہیں کر سکتا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔
آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان عبوری معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی نگرانی اور کنٹرول ایران کے اختیار میں ہے، لہٰذا آئندہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کے ساتھ پہلے سے زیادہ سختی سے نمٹا جائے گا۔
بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جبکہ ایران نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کو مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جس کی صورت میں معاہدے کے تحت جاری تمام اقدامات روک دیے جائیں گے۔

