امریکی سینیٹ میں ووٹنگ اصلاحات سے متعلق ترمیم مسترد، ریپبلکنز کو دھچکا

واشنگٹن(امریکی میڈیا، سینیٹ ریکارڈ)امریکی سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی ووٹنگ اصلاحات سے متعلق ایک اہم ترمیم مطلوبہ حمایت حاصل نہ کر سکی اور مسترد ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کی پیش کردہ ترمیم 50 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے ناکام ہوئی، جبکہ چار ریپبلکن سینیٹرز نے ڈیموکریٹ اراکین کے ساتھ ووٹ دیا۔

مجوزہ قانون کے تحت ووٹ ڈالنے کے لیے شناختی دستاویزات اور شہریت کے ثبوت سے متعلق نئی شرائط متعارف کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔ ناقدین کا مؤقف تھا کہ اس سے اہل ووٹرز کے حقِ رائے دہی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ریپبلکن ارکان اس تجویز کو امیگریشن سے متعلق فنڈنگ پیکیج کے ساتھ منسلک کر کے منظور کرانا چاہتے تھے، تاہم انہیں مطلوبہ 60 ووٹ حاصل نہ ہو سکے۔سیاسی مبصرین اس پیش رفت کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سینیٹ میں ریپبلکن قیادت کے لیے ایک اہم سیاسی دھچکا قرار دے رہے ہیں۔