امریکی صدر ٹرمپ کاآج پھر ایران پر مزید شدید حملوں کا اعلان

واشنگٹن (رائٹرز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا آج ایران میں مزید شدید حملے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی افواج وسطی ایران میں واقع پک ایکس ماؤنٹین (Pickaxe Mountain) کو نشانہ بنائیں گی، جسے ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک اہم زیرِ زمین تنصیبات میں شمار کیا جاتا ہے۔

ریڈیو میزبان ہیو ہیوٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت ایک آزمائش تھی، تاہم ایران نے اس کی پاسداری نہیں کی، اسی لیے امریکا اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ان کی بہترین ہم آہنگی ہے اور دونوں کے تعلقات خوشگوار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات پر اختلاف رائے ہوتا ہے، تاہم وہ اپنے تحفظات نیتن یاہو تک براہِ راست پہنچا دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہازوں کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے اور دیگر ممالک کے کارگو جہازوں سے 20 فیصد فیس وصول کرنے کا بھی اعلان کر چکے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔