واشنگٹن (رائٹرز) امریکی فضائیہ کے مرکزی اور اہم ترین کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’’کلاؤڈ ون‘‘ پر ہیکرز نے مبینہ طور پر سائبر حملہ کرکے نظام تک رسائی حاصل کرلی، جس کے نتیجے میں حساس فوجی، انتظامی اور لاجسٹک معلومات کی سلامتی سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران نظام کو جدید بنانے کے کام کے موقع پر ہوا۔ واقعے سے پلیٹ فارم کے مختلف شعبوں کا کام متاثر ہوا، تاہم تاحال ہیکرز کی شناخت، حملے کی مکمل نوعیت اور چوری ہونے والے ڈیٹا سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
امریکی فضائیہ کے اس پلیٹ فارم کو 2017ء میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد فضائیہ کی مختلف تکنیکی اور انتظامی ضروریات کو ایک مرکزی نظام کے تحت پورا کرنا تھا۔ اس نظام میں مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کی کلاؤڈ خدمات استعمال کی جاتی ہیں۔
کلاؤڈ ون کے ذریعے فوجی اہلکاروں کا ریکارڈ، تنخواہوں کی ادائیگی، فوجی سازوسامان کی ترسیل، مرمت اور دیکھ بھال سمیت متعدد اہم امور کی نگرانی کی جاتی ہے۔
یہ پلیٹ فارم فضائی دفاع کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے بھی منسلک ہے، جو شمالی امریکا کے مختلف علاقوں سے فضائی دفاعی ریڈار اور دیگر معلومات جمع کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ایسا نظام بھی اس سے منسلک ہے جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر بموں اور میزائلوں کے ذخیرے کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایک ذریعے نے بتایا کہ ہیکرز نے سافٹ ویئر کی ایک کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نظام کے مرکزی کنٹرول حصے تک رسائی حاصل کی۔ اس سطح تک رسائی کی صورت میں حملہ آور ممکنہ طور پر فوجی طیاروں کی عملی صورتحال اور اسپیئر پارٹس کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات تک بھی پہنچ سکتے تھے، تاہم اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہیکرز نے واقعی ایسی معلومات حاصل کیں۔
واقعے کے بعد کلاؤڈ ون پر مزید انتظامی نظام منتقل کرنے کا عمل روک دیا گیا، جبکہ پہلے سے موجود ایپلی کیشنز میں نئی تبدیلیاں اور حفاظتی اپ ڈیٹس بھی عارضی طور پر بند کردی گئیں۔ بعض صارفین کے انتظامی اختیارات بھی واپس لے لیے گئے۔
امریکی فوج کی سائبر کمانڈ کو بھی واقعے کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے شامل کرلیا گیا ہے۔ حکام تاحال حملے سے ہونے والے نقصان کا تعین کررہے ہیں۔
امریکی فضائیہ نے رائٹرز کے سوال پر مخصوص نظاموں کی سیکیورٹی صورتحال اور ان میں موجود خامیوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ محکمہ اپنی معلومات، نظاموں اور فوجی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کرتا رہتا ہے۔
یہ واقعہ امریکی سرکاری اداروں پر حالیہ سائبر حملوں کے سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے۔ اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے، محکمہ خزانہ، محکمہ داخلی سلامتی اور انٹیلی جنس اداروں کے بعض نظاموں میں بھی غیر مجاز رسائی اور ڈیٹا کی سلامتی سے متعلق واقعات سامنے آچکے ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکی فضائیہ کے کلاؤڈ ون نظام پر حملے کے پیچھے کون سا ہیکر گروپ ملوث ہے اور آیا اس کا دیگر سائبر حملوں سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

