امریکی فوج کا ایران پر ایک اور حملہ، مسلسل آٹھویں رات بمباری

واشنگٹن/تہران (سینٹکام/رائٹرز/ایرانی میڈیا) امریکی فوج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران پر ایک اور حملہ کیا ہے، جبکہ ایران پر امریکی بمباری مسلسل آٹھویں رات میں داخل ہو گئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات کو کم کرنا اور ایران کی فوجی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔

سینٹکام نے کہا کہ یہ کارروائی گزشتہ رات اردن میں امریکی فوجیوں پر حملوں میں ملوث ایرانی فورسز کو فوری سزا دینے کے مقصد سے کی گئی۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے جنوبی ایران میں سیرک کے قریب حملے کیے، جبکہ حاجی آباد شہر کے نواحی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

قبل ازیں روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اردن میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر بھرپور بمباری کا حکم دیا ہے۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔